سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی جاری ہے کشمیریوں کو نمازعید سے روک دیا گیا ۔’ آزادی چاچا ‘‘سرجان برکاتی سمیت 28 افراد کو گرفتارکرلیا گیا ،کئی علاقوں میں کرفیو،محاصرے کی کارروائیاں جاری ہیں ،بھارت،اسرائیل مخالف احتجاج بھی کیا گیا ،کدال میں بھارتی پیرا ملٹری سنٹرل زیرو پولیس فورس کے ایک کیمپ پر پٹرول بم داغا گیا تاہم کسی کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں،بھارتی فوجیوں نے فوٹو جرنلسٹ کو سرینگر کے علاقے سادیہ کدل میں اس وقت سخت توہین آمیز سلوک کا نشانہ بنایا اور سخت ہراساں کیا جب وہ لوگوں کو نماز عید اور بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کیلئے قابض انتظامیہ کی طرف سے کھڑی کی گئیں رکاوٹوں کی عکس بندی کر رہا تھا،قبل ازیں بھارتی پولیس نے پیر کے روز ثاقب مجید نامی ایک فوٹو جرنلسٹ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا ۔تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے شوپیان اور پلوامہ کے اضلاع میں ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز بھی اپنی تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کاروائیاں جاری رکھیں جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سرینگر کے بٹہ مالو میں کشمیریو ں کے احتجاج کو روکنے کے لئے سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ،کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے شوپیاں اور پلوامہ میں ناگابل ،زین پورہ، وہی بگ ، ترال اور متعدددیگر علاقوں میں ہفتہ کو بھی تلاشی کارروائیاں جاری رکھیں ۔