مائیکرو ویو اوون آج کے تیز رفتار دور میں باورچی خانے کی اہم ضرورت بن گئی ہے، لیکن ایک عرصہ دراز سے اِس میں کوئی خاص جدت نہیں لائی گئی اور نئے فیچرز بھی شامل نہیں کیے گئے، جس وجہ سے بعض اوقات اِس کا استعمال کرتے ہوئے اُکتاہٹ ہونے لگتی ہے۔ اِس مسئلے کا حل مشہور زمانہ سمارٹ فون کمپنی کے ایجاد کاروں نے ’جون‘ نامی اوون کی صورت میں نکالا ہے، جو جدید دور کے تقاضوں پر پُورا اُترتا ہے۔ اِس اوون میں آرٹیفشل ٹیکنالوجی سے مطابقت رکھتی ایک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی مدد سے یہ آپ کی کوکنگ کو انتہائی آسان اور خوشگوار بنا دیتا ہے۔ اِس اوون میں ایک سمارٹ فون کے سائز کا 5 انچ کا HDڈسپلے اور ایک عدد کیمرہ بھی نصب کیا گیا ہے، جبکہ اِس کے دروازے میں ٹرانسپیرنٹ ٹرپل گلاس استعمال کیا گیا ہے، جس سے اِس کی مضبوطی روایتی اوونز کی بانسبت دُگنی ہو گئی ہے۔ مختلف سویچز کے بجائے اِس میں صرف ایک سویج شامل کیا گیا ہے، جبکہ مختلف کھانے بنانے کے لیے آپ ٹچ سکرین کے ذریعے الگ الگ آپشنز کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اِس جدید اوون میں کاربن فائبر ہیٹنگ ایلی منٹس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس کی بدولت اوون کا اندرونی ٹمپریچر صرف 1 منٹ میں 350 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے۔ روایتی اوونز کو ٹھنڈا ہونے میں کم از کم 15 منٹ لگتے ہیں، لیکن آئی فون کے ایجادکاروں کا تیار کردہ یہ جدید اوون صرف 1 منٹ میں ٹھنڈا ہو جاتا ہے، یہ فیچراِس لیے بھی ضروری ہے ، تا کہ آس پاس موجود بچوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ اِس اوون کا سب سے بہترین فیچر جو اِسے دیگر جدید اوونز سے ممتاز بناتا ہے، وہ اِس کا آٹومیٹنگ ٹمپریچر کنٹرول سسٹم ہے، جس کے ذریعے کھانا جلنے یا خراب ہونے سے بچ جاتا ہے۔