فیصل آباد (نیوزرپورٹر) کرکٹ سٹار اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے بانی شاہد خان آفریدی نے ملک کے پسماندہ علاقوں اورفیصل آباد میں سکول بنانے کی یقین دہانی کرادی ۔فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی سے ملاقا ت کے دوران انہوں نے بتایاکہ تھر کے پسماندہ علاقہ میں وہ نجی کمپنی کے تعاون سے ڈھائی سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کر رہے ہیں ۔انہوں نے ایسے دوردراز علاقوں میں واٹر ٹینک بنانے کا کام شرو ع کیاہے جہاں انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پیتے ہیں ، وہاں خواتین میلوں دور سے پینے کے لئے پانی لاتی ہیں ۔ شاہد آفریدی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے فلاحی کام کا آغاز سندھ کے ایسے گاؤں سے کیا ہے جہاں59فیصد غیر مسلم بھی آباد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وجہ سے انہیں عزت ملی اور اب وہ اس کے بدلے ملک کے محروم طبقوں کیلئے صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، تاکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دیا جا سکے ۔ فاؤنڈیشن کے گلوبل چیف ایگزیکٹو آفیسر ذیشان افضل نے بتایا کہ لالہ کوہاٹ میں ہسپتال بنانے کے علاوہ اپنے آبائی گاؤں تُنگی میں بھی ہسپتال قائم کرچکے ہیں۔ صدر رانا سکندر اعظم خاں نے شاہد آفریدی کو فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ سرکاری سکولوں کی حالت بھی بہت بری ہے اس لئے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن ان سکولوں کو بھی اڈاپٹ کرلے جبکہ سینئر نائب صدر ظفر اقبال سرور نے شاہد خان آفریدی کے فلاحی پروگرام میں ذاتی طورپر حصہ لینے کی یقین دہانی کروائی ۔