کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس مزید 447.99 پوائنٹس اضافے سے 34475.69 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجبکہ 59.05 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 59 ارب 53 کروڑ روپے بڑھ گئے اورکاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 9.76 فیصدزائد رہا۔ گزشتہ روزحکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤس سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام، توانائی، فوڈز، بینکنگ، سیمنٹ، اسٹیل اورکیمیکل سیکٹر سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہواجس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 34690پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیا تاہم بعد ازاں فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کے ایس ای100انڈیکس مذکورہ سطح پر براقرارنہ رہ سکالیکن تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس447.99پوائنٹس اضافے سے 34475.69 پوائنٹس پر بندہوا۔ اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 273.86 پوائنٹس اضافے سے 16237.38 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 853.28پوائنٹس اضافے سے 55326.86پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس220.01پوائنٹس اضافے سے 24794.59 پوائنٹس پربند ہوا۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر 403کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 238کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 149 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ16کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 59 ارب 53 کروڑ 48 لاکھ 94ہزار382روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 67 کھرب 71 ارب 13 کروڑ 44 لاکھ 32 ہزار 982 روپے ہوگئی۔جمعہ کومجموعی طور پر28 کروڑ 71 لاکھ690 شیئرزکاکاروبارہوا، جوجمعرات کی نسبت 2 کروڑ 55 لاکھ39ہزار470شیئرززائدہیں۔