اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) ملک میں انشورس سیکٹر کے فروغ اور کمپنیوں کو کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کے پیش نظر سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے نئی لائف انشورنس پراڈکٹ کی رجسٹریشن اور موجودہ پراڈکٹ میں ترامیم کی رجسٹریشن اور منظوری کو نہا یت آسان بنا دیا ہے ۔واضح رہے کہ لائف انشورنس کمپنیوں کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی زیادہ تر اسکیمیں اور پراڈکٹ ملتی جلتی نوعیت کی ہوتی ہیں جبکہ ان کی شرائط و ضوابط میں بھی زیادہ فرق نہیں ہوتا۔ لہذا، کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ایس ای سی پی نے لائف انشورنس کی پراڈکٹ کی رجسٹریشن کیلئے ایک سادہ طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے جس کے مطابق کمپنیوں کو نئی پراڈکٹ کی رجسٹریشن اور منظوری کے لئے بہت ہی محدود معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس سلسلے ایس ای سی پی نے سرکلر جاری کر دیا ہے ۔سرکلر کے مطابق، لائف انشورنس کی نئی پراڈکٹ کی منظوری کا وقت بھی 30 دن سے کم کر کے صرف 7 دن کر دیا گیا ہے ۔ کمپنیاں نئی پراڈکٹ کی رجسٹریشن کے لئے درخواست جمع کروانے کے 7 دن بعد اپنی پراڈکٹ کو مارکیٹ میں متعارف کر وا سکتی ہیں تا آنکہ انہیں ایس ای سی پی کی جانب سے اس بارے میں متبنہ کیا جائے ۔ امید ہے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لائف انشورنس کمپنیاں نئی اسکیمیں اور پراڈکٹ متعارف کروائیں گی۔