اسلام آباد،لاہور(وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر،صباح نیوز،سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے سکیورٹی گارڈز کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر عارف علوی نے کہا دہشت گردی پر قابو اور اسے جڑ سے اکھاڑنے میں سکیورٹی فورسز کا کردار قابل تحسین ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا سکیورٹی اداروں کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور حملہ ناکام بنایا، پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے ، شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا دشمن نے ایک دفعہ پھر ہماری داخلی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی،ہماری مستعد فورسز نے جس طرح دہشت گردوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ، پوری قوم، مسلح افواج،پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے ، بھارت نے سلیپر سیل متحرک کئے ہیں، حملے کے تانے بانے اٹھا کر دیکھ لیں انہی سلیپر سیل سے ملیں گے ،ہمارے جوانوں پر حملے میں بھارت کا ہاتھ ہے ،بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہورہا ہے ، بھارت کے تمام حربوں کو ناکام بنائینگے ۔وفاقی وزیر داخلہ اعجازشاہ نے کہا حملے کی تحقیقات کا آغاز ہوگیا اورماسٹر مائنڈ تک جلد پہنچ جائیں گے ۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکومت، سیکورٹی اداروں، عوام اورپارلیمان کا عزم غیر متزلز ل ہے اور دہشتگردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا دہشت گردی کے واقعات ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتے ۔سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا حملے کی ہر پہلو سے تحقیقات ہونی چاہئیں، اس میں بیرونی ہاتھ ملوث اور کلبھوشن یادیو جیسے نیٹ ورک کی پلاننگ شامل ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہاملکی معیشت اور ترقی کو نشانہ بنانے والے اپنے مذموم عزائم میں ناکام و نامراد رہیں گے ۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا اس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ہماری مستقل جنگ کو نقصان پہنچانا ہے ۔ دہشت گردوں کو بھی سمجھ آگئی ہوگی کہ پاکستانی پولیس، رینجرز سو نہیں رہی،حملے میں انٹرنیشنل ہاتھ ملوث ہے ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملے مترادف ہے ۔وزیراعلینے پولیس اور رینجرز کی طرف سے بروقت کارروائی کو سراہا اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید چوکس رہنے کی ہدایت کی۔وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا شرپسند عناصر کو کراچی کا امن ہضم نہیں ہورہا۔قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا دہشتگرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہمارے جوان اس ملک کے بیٹے ہیں ۔سابق صدر آصف زرداری نے کہا دہشت گردوں کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاحملے کے منصوبہ سازوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جانا ضروری ہے ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق ،جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی ،بی این پی پارٹی کے سربراہ اختر مینگل،متحدہ پارٹی کے رہنماخالد مقبول صدیقی ،پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال ،مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا شہید ہونے والے جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔قائد منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو پکڑیں۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا عالمی برادری ہمسایہ ممالک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے بھارتی کارروائیوں کا نوٹس لے ، سٹاک ایکسچینج حملے پر بھارتی وزارت خارجہ کا بیان انکار کے سوا کچھ نہیں، بھارتی قیادت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ایسے بیانات دیتی رہی ہے ،پاکستان پہلے ہی ‘’را’’ کی دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت دے چکا ہے ۔