ملتان(محمد ندیم قیصر)پاکستان میں بلیک لسٹ پاسپورٹ کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ۔ حکومت نے بلیک لسٹ پالیسی میں نرمی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور بلیک پاسپورٹ فہرست میں شامل ایک لاکھ کے قریب پاسپورٹس کی شارٹ لسٹ کرکے متنازعہ پاسپورٹس کی تعداد 75فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔شارٹ لسٹ کرتے ہوئے کیٹیگریز بنائی جارہی ہیں جس کے تحت جرائم میں ملوث افراد کو بلیک لسٹ ریلیف پالیسی میں نرمی کا بھی کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکے گا اور وہ قانون ضابطہ کی کارروائی سے ریلیف ملنے کی صورت میں ہی بلیک لسٹ سے نکل پائیں گے ۔دریں اثناء سال نو کے آغاز پر پاسپورٹ کے سلسلے میں بعض دیگر انقلابی اقدامات پر بھی عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت پوری دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ بارے معلومات کی فراہمی بارے آن لائن سروس اور اندرون ملک پاکستان پاسپورٹ کے نام سے ایس ایم ایس سروس آغاز کردیا گیا ہے ۔وزیراعظم نے پاسپورٹ کی آن لائن فراہمی سسٹم لانچ کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو تین ماہ کا وقت دے دیا ہے ۔آفیشل اور ریڈ پاسپورٹ پالیسی کو فی الحال تبدیل نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔