اسلام آباد، لاہور،کوئٹہ،کراچی،ملتان،حافظ آباد ،ساہیوال (سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹرز، 92 نیوز رپورٹ، صباح نیوز،آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہزارہ برادری کے دکھوں کا مداوا کریں گے ، شہدا کی تدفین کردیں،تعزیت کیلئے جلد آئوں گا ، سانحہ کوئٹہ کے متاثرین کیساتھ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے مذاکرات بھی ناکام ہوگئے اور مجلس وحدت مسلمین نے ملک بھر میں دھرنوں کا سلسلہ وسیع ،شیعہ علما کونسل نے کل یو م احتجاج کااعلان کردیا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہزارہ برادری کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ وہ ان کے دکھوں کا مداوا کریں گے ، حکومت آئندہ اس طرح کے حملوں کو روکنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ، ہمسایہ ملک فرقہ وارانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے ، اپنے عوام کا اعتماد نہیں توڑوں گا، سوگوار خاندانوں سے دعا اور تعزیت کے لئے حاضر ہو ں گا۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیرا عظم نے کہا کہ وہ مچھ میں ہونے والے دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ہزارہ برادری کے لوگوں کو یقین دلاتے ہیں وہ ان کے دکھوں اور مطالبات سے واقف ہیں۔مستقبل میں اس طرح کے حملوں کی روک تھام کے لئے اقدامات کررہے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہمارا پڑؤسی ملک فرقہ وارانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہیں اور اس سے پہلے بھی مشکل کی گھڑی میں ان کے پاس آئے تھے ۔ بہت جلد ایک مرتبہ پھر تمام سوگوار خاندانو ں سے دعا اور تعزیت کے لئے حاضر ہوں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کبھی اپنے عوام کا اعتماد نہیں توڑیں گے ۔ انہوں نے شہداکے لواحقین سے اپیل کی کہ وہ اپنے عزیزوں کی تدفین کریں تاکہ ان کی روح کو سکون ملے ۔سانحہ مچھ پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور شیعہ ہزارہ کمیونٹی کے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پرشرکائے دھرنا کے مطالبات سنیں گے ، ورثائکے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دہشت گردی کا حالیہ واقعہ ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش ہے ، حکومت کو ایسے واقعات پر قابو پانا ہو گا،ہم ہزارہ برادری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ادھر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا قومی سلامتی کے اداروں کو مزید چوکنا ہونے کی ضرورت ہے ۔دشمن اپنی کمین گاہوں سے نکلنا شروع ہو گئے ۔بھارت، امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادی وطن عزیز کو عدم استحکام کا شکار کر کے ان عالمی تبدیلیوں کو روکنا چاہتے ہیں جن سے ان کے مفادات کو سنگین خطرہ ہے ۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے سانحہ مچھ کے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ،مظاہرین نے دھرناجاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ جام کمال دھرنے کے مقام پر پہنچے اور دھرنے کے شرکا سے میتوں کی تدفین کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مچھ واقعے کے متاثرہ لواحقین تکلیف سے گزر رہے ہیں،کوئٹہ سب کا ہے کسی ایک کا نہیں، مچھ واقعہ کے شہدا کے لیے دعاگو ہوں۔مظاہرین نے کہاوزیراعظم کے آنے تک دھرناجاری رہے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر علی زیدی ،وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ،صوبائی وزراء میر ضیاء اﷲ لانگو ،انجینئر زمرک خان اچکزئی ودیگر بھی موجود تھے ۔سانحہ مچھ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کا مغربی بائی پاس پر میتوں کے ہمراہ احتجاجی دھرناچھٹے روز بھی جاری رہا۔ منفی 9 کی شدیدسردی کے باوجودخواتین اوربچوں کی بھی بڑی تعداددھرنے میں موجودہے ۔ حکومت بلوچستان نے مچھ واقعہ میں انتظامی غفلت کی تحقیقات کیلئے وزیر اعلی معائنہ ٹیم کے چیئرمین حیدر علی شکوہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ۔کمیٹی 15 دنوں میں ذمہ داروں کا تعین کریگی۔ادھرسانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کیلئے لاہور،اسلام آبادکراچی،حیدرآباد ،ٹھٹھہ،جیکب آباد،چکوال میں بھی احتجاج اور دھرنے دیئے گئے ،کراچی کے 18مقامات پراحتجاج اوردھرنے جاری تھے ۔ سانحہ کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عارف حسن الجانی اور مقررین نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں فی الفور دہشت گرد عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے ۔ احتجاج کے شرکاء لاہور پریس کلب سے مارچ کی صورت میں گورنر ہاؤس کے سامنے پہنچے اور یہاں دھرنا دیا گیا۔دھرنے کی قیادت مجلس کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ عبدالخالق اسعد اور حسن ہمدانی نے کی۔دھرنے میں خواتین ، بچے اور مرد حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی دھرنا دے دیا گیا، حفاظتی اقدامات کے تحت ڈی چوک کو سیکورٹی اداروں نے سیل کردیا۔ دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ آرمی چیف خود وزیراعظم کے ساتھ کوئٹہ جائیں۔حافظ آباد کے فوارہ چوک میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ملتان، ڈیرہ غازیخان، بہاولپور،خانیوال میں احتجاج کیاگیا۔ساہیوال میں وکلاء نے ہڑتال کی ۔علاوہ ازیں شیعہ علماء کونسل پاکستان نے سانحہ مچھ کیخلاف 8جنوری بعداز نماز جمعہ ملک گیر یوم احتجاج کااعلان کیاہے ۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی ، نائب صدر علامہ مظہر عباس علوی ، سیکرٹری اطلاعات زاہدعلی اخوانزادہ ودیگر نے کہا کہ مچھ سانحہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ کونسل حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ قتل عام کرنیوالوں کیخلا ف فیصلہ کن ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے ۔