لا ہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاویدنے حارث رئوف کی قومی ٹی ٹونٹی ٹیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حارث رؤف کا ٹیم میں شامل ہونا ہمارے لیے فخر کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ حارث جب لاہور قلندرز کی ٹیم میں آئے تو اونچ نیچ آتی رہی مگر انہوں نے محنت سے منزل پا لی۔ حارث نے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی لاج رکھی ہے ۔ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ حارث ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے تھے جب ہمارے پاس آیا توجسمانی طور پر کمزورتھا۔ ہم نے اس کا ڈائٹ پلان بنایا اور کھیلنے کے لئے فٹ کیا۔ دوسری طرف حارث نے بھی ٹیم میں منتخب ہونے پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے لئے کھیل کر کامیابی دلانا ان کا خواب تھا جو پورا ہونے جا رہا ہے ۔