مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)قابض صہیونی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں درجنوں یہودی شرپسند مسجد اقصیٰ میں گھس گئے جبکہ اسرائیلی فوج نے القدس میں فلسطینی اوقاف کے ایک سینئر عہدیدار حسام السدر کو حراست میں لے لیا،اسرائیلی حکومت نے خطیب مسجداقصی شیخ عکرمہ صابری پر 4 ماہ کیلئے مسجد میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی ۔دوسری طرف حال ہی میں بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے شہید ہونے والے ایک معذور فلسطینی ایاد الحلاق کے اہل خانہ نے اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیر امیر اوحانا سے ملاقات سے انکار کردیا۔ادھرحماس کے بیرون ملک امور کے سربراہ ڈاکٹر ماھر صلاح نے کہا ہے کہ غرب اردن فلسطین کا اٹوٹ انگ ،اسرائیل سے الحاق سے خطے میں نئی جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے ۔اسرائیلی بلدیہ نے وادی سلی کون کے منصوبے کی آڑ میں القدس کو یہودیانے کا ایک بڑا منصوبہ تیار کیا ہے ۔تحریک فتح کے مرکزی رہنما عزام الاحمد نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں شاید فلسطینی اسیران اور شہدا کے خاندانوں کی کفالت کیلئے فلسطینی اتھارٹی کے پاس وسائل نہ ہوں ،اتھارٹی شدید نوعیت کے مالی بحران کا شکار ہو سکتی ہے ۔اسرائیلی فوج نے شمالی وادی اردن میں فوجی مشقوں کی آڑ میں زرعی اراضی میں آگ لگا کر فصلیں خاکستر کردیں۔