ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) زمبابوین فاسٹ بائولر ٹنڈئی چتارا بنگلہ دیش کیخلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ٹانگ کی انجری کا شکار ہو گئے جس کے باعث وہ بقیہ ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ تفصیلات کے مطابق زمبابوے اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے دوسرے روز چتارا اپنے 23ویں اوور کے دوران ٹانگ کی انجری میں مبتلا ہو گئے اور انہیں سٹریچر کے ذریعے میدان سے باہر لایا گیا، ان کے زخمی ہونے کے بعد ٹریپانو نے ان کا اوور مکمل کرایا۔ ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد بتایا کہ فاسٹ بائولر گریڈ ٹو انجری میں مبتلا ہوئے ہیں اسلئے وہ رواں ٹیسٹ کے بقیہ دنوں میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے ۔