لاہور(کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کسی کو غریب کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،مہنگائی چیلنج ہے لیکن ختم کر کے دم لیں گے ، عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائینگے ۔ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبہ بھر کے 313 رمضان بازاروں میں ضروری اشیا صرف 2018 کے نرخ پر فراہم کی جائیں گی، آٹا، اور دیگر ضروری اشیا کے نرخ میں اضافہ برداشت نہیں ۔وزیر اعلیٰ آفس اورچیف سیکرٹری آفس میں تمام اشیاء کی فراہمی اور نرخ کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار رمضان بازاروں کا دورہ کر کے نرخ اور دستیابی کا جائزہ لیں گے ۔ صوبائی وزرا ء اور صوبائی سیکرٹری بازاروں کے دورے کر کے روزانہ رپورٹ پیش کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ بازاروں میں مہنگائی کے ازالے کے لئے اقدامات کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں ۔وزیر اعظم کے وژن کے مطابق عام آدمی کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے کوشاں رہیں گے ۔دریں اثنا عثمان بزدارسے کنیئرڈ کالج فار ویمن کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ نے ملاقات کی، جس میں فروغ تعلیم کے لئے مختلف امور پر گفتگوہوئی اور معیار تعلیم کی بہتری کی سفارشات اور تجاویز پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کرنے کا عہد نبھائیں گے ۔پنجاب میں 12یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے ابتدائی کارروائی مکمل ہوچکی ہے ،حکومت پنجاب فروغ تعلیم کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لارہی ہے ،تعلیمی اداروں کی اپ گریڈ یشن ترجیحات میں اولین ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین کے لئے معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر کنیئرڈ کالج کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنیئرڈ کالج پنجاب کی تعلیمی تاریخ کا ناقابل فراموش حصہ ہے ۔