لاہور(سٹا ف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمرانوں اور انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت نے شہر لاہور کو مسائل کا گڑھ بنادیا ہے ۔صوبائی دارالحکومت میں گندگی کے ڈھیر،صاف پانی و گیس کی عدم دستیابی، ٹرانسپورٹ و سٹریٹ کرائم سمیت دیگر مسائل سے شہری ذہنی و جسماجی اذیت کا شکار ہیں۔کوئی ادارہ شہریوں کے مسائل حل کرنے پر تیار نہیں ۔جماعت اسلامی لاہور ان حالات میں اہل لاہور کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹروپولیٹن آفس ٹاؤن شپ کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں قیصر شریف، سید احسان اللہ وقاص، چودھری محمودالاحد، احمد سلمان بلوچ، خالد احمد بٹ سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔