کراچی(سٹاف رپورٹر) کراچی پولیس نے کینسر میں مبتلا بچے کی پولیس افسر بننے کی خواہش پوری کردی، کراچی پولیس آفس میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، ترجمان کے مطابق کراچی پولیس نے کینسر میں مبتلا 14 سالہ محمد حسنین کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا رینک لگایا۔ اے ایس پی حسنین نے سٹریٹ کرائم کی واردات ناکام بنائی اور 2 ملزمان کو گرفتار کیا، کراچی پولیس چیف نے بہادر محمد حسنین کو تعریفی سند اور کیش انعام سے بھی نوازا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اے ایس پی محمد حسنین کو پولیس میں خوش آمدید کہا اور اعزازی شیلڈ پیش کی، محمد حسنین کی خواہش کو پایا تکمیل تک پہنچانے کیلئے ڈی آئی جی ایڈمن امین یوسفزئی، ڈی آئی جی سکیورٹی مقصود میمن، ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر، ڈی آئی جی ساوتھ جاوید اکبر ریاض اور ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی بھی تقریب میں شریک ہوئے ، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے میک آوش فاونڈیشن کے منتظمین کی جانب سے ننھے حسنین کی پولیس افسر بننے کی خواہش کی تکمیل کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔