اسلام آباد،لاہور ،کراچی( نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیوزایجنسیاں) احتساب عدالت نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں گرفتار سندھ بینک کے افسرندیم الطاف کی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیدیا جبکہ گرفتار ملزم خورشید انور جمالی نے 10 کروڑ سے زائد رقم بننے پر پلی بارگین سے انکار کر دیا ۔گزشتہ روزاحتساب عدالت اسلام آبادکے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیرکے روبرو دوران سماعت نیب حکام نے ریمانڈ ختم ہونے پر گرفتار ملزم ندیم الطاف کو پیش کیا۔ پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ ندیم الطاف کی جانب سے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست دی گئی تھی جو چیئرمین نیب نے منظور کر لی ہے اور اسکا 164 کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا ہے ۔لہٰذا ملزم ندیم الطاف کی رہائی کے احکامات جاری کئے جائیں۔کندیم الطاف سندھ بینک میں کریڈٹ ڈویژن کے سربراہ تھے ، ملزموں پر حسین لوائی کی فرنٹ کمپنیوں کو غیر قانونی قرض دینے کا الزام ہے ۔ دریں اثنا گرفتار ملزم خورشید انور جمالی کو پیش کر کے نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پلی بارگیننگ میں 5 کروڑ 70 لاکھ تک کی رقم دینے پر رضا مند تھا مگر 10 کروڑ سے زائد رقم بننے پر ملزم نے پلی بارگین سے انکار کر دیا،اسکا کہنا ہے کہ پلی بارگین کی رقم زائد ہونے پر ادا نہیں کر سکتا ۔ عدالت نے ملزم خورشید انور جمالی کی پلی بارگین کی درخواست منسوخ کرتے ہوئے اسے 20 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔جعلی بینک اکائونٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری، انکی ہمشیرہ فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، عبدالغنی مجید، سابق چیئرمین پاکستان سٹاک ایکسچینج حسین لوائی سمیت متعدد افراد گرفتار ہیں۔ندیم الطاف نے اومنی گروپ کی جعلی کمپنیوں کو 1 ارب روپے قرض دیکر خورد برد کرنے کا اعتراف کیا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آبادنے یونین کونسل روات کے فنڈز میں خورد برد کرنے کے کیس میں گرفتار سیکرٹری یونین کونسل جاوید اختر کے جسمانی ریمانڈ میں7روزہ توسیع کر دی ۔ادھر احتساب عدالت لاہور نے 777 افراد کو میریٹ سے ہٹ کر غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید13 روزہ توسیع کر دی۔دریں اثنا احتساب عدالت لاہور کے جج چوہدری امیر محمد خان نے 11 ارب روپے ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن سکینڈل کیس میں 27 ملزموں کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 5 روزہ توسیع کر دی۔علاوہ ازیں عدالت نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں360 ملین روپے کرپشن سکینڈل کیس کے مرکزی ملزم عارف حسین کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیدیا اورملزم کو دوبارہ 26 ستمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔