نئی دہلی،اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ،این این آئی،کے پی آئی،صباح نیوز،،این این آئی ،سپیشل رپورٹر) بھارتی افواج کے سربراہ جنرل بپن راوت، اہلیہ سمیت 13افراد ہیلی کاپٹرحادثے میں ہلاک ہوگئے ،بھارتی ایئر فورس نے بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ پاکستان کی عسکری قیادت نے حادثے پر افسوس کااظہار کیاہے ۔بھارتی فضائیہ کے مطابق جنرل بپن راوت اوراہلیہ سمیت 13لوگ ہلاک ہوگئے ،جنرل بپن راوت ڈیفنس سروسز سٹاف کالج کے دورے کیلئے روانہ ہوئے تھے ۔ ہیلی کاپٹر( ایم آئی-17 وی فائیو ہیلی کاپٹر)جنوبی ریاست تامل ناڈو کے علاقے کنور میں گر کر تباہ ہو گیا ۔ٹوئٹر پر بھارتی فضائیہ نے نے ایک بیان میں کہا کہ 63 سالہ چیف آف ڈیفنس سٹاف روسی ساختہ ایم آئی 17 وی 5 ہیلی کاپٹر پر سفر کر رہے تھے جو بدھ کو تامل ناڈو کے علاقے کنور کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ سمیت 13افراد ہلاک ہوئے ، گروپ کیپٹن ورون سنگھ حادثے میں شدید زخمی ہوئے جو ملٹری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ جنرل بپن راوت کالج میں لیکچر دینے کے لیے جا رہے تھے ،ہیلی کاپٹرونگ کمانڈرپرتھوی چوہان اڑارہے تھے ، وائرل ویڈیو کے مطابق بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر کو فضا ہی میں آگ لگ گئی تھی۔بھارتی میڈیاکے مطابق ہیلی کاپٹرحادثے میں ہلاک ہونیوالوں میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کے علاوہ مسز مدھو لیکا راوت، بریگیڈیئر ایل ایس لڈر، لیفٹیننٹ کرنل ہرجندر سنگھ ، نائیک گرسیوک سنگھ، نائیک جتندر کمار، لانس نائیک ویوک کمار اور دیگرشامل ہیں۔حادثے کے شکار افراد کی جلی ہوئی لاشیں نکال لی گئی ہیں ،ہلاک افرادکی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے کی جائے گی۔بھارتی حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔جنرل بپن راوت کی آخری رسومات کل دہلی کینٹ میں ادا کی جائیں گی۔آبائی ریاست اتر کھنڈ حکومت نے 3روز ہ سرکاری سوگ کااعلان کیاہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج پارلیمنٹ کو حادثے کی معلومات دیں گے ۔دوسری طرف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد کابینہ کمیٹی برائے سکیورٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ جنرل بپن راوت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن کے سابق نگران رہ چکے تھے ۔دریں اثنا بھارت میں ہیلی کاپٹر حادثے پرعسکری قیادت نے اظہار افسوس کیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کیجا نب سے انڈین جنرل، اہلیہ اور دیگر قیمتی انسانی جانوں کے ہیلی کاپٹر حادثے میں نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کی المناک موت پر اظہار تعزیت کیا۔سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھارتی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت، اہلیہ کی ہلاکت پر تعزیت کی ہے ۔دریں اثناامریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ٹویٹ میں واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ المناک حادثے میں ہلاک بھارتی جنرل راوت، ان کی اہلیہ اور ساتھیوں کی موت پر گہرا صدمہ ہواہے ۔ ہم جنرل راوت کو ایک غیر معمولی رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے جنہوں نے اپنے ملک کی خدمت کی اور امریکہ بھارت دفاعی تعلقات میں اپنا کردار اداکیا۔ادھر بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سی ڈی ایس جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ کے المناک انتقال پر مجھے بے حد افسوس ہے ۔ہم نے پچھلے کچھ سالوں میں مل کر کام کیا، یہ قوم کا بہت بڑا نقصان ہے ۔