لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے ایکسپو سنٹر کا دورہ کیااور ایکسپو سنٹر میں پہلے سے قائم فیلڈ ہسپتال میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ فیلڈ ہسپتال کورونا کی پہلی لہر میں ایکسپو سنٹر میں قائم کیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کورونا کی دوسری لہر میں اس فیلڈ ہسپتال کو فعال کر رہی ہے ۔ جس کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس فیلڈ ہسپتال میں ایک ہزار کور ونا مریضوں کو رکھا جا سکتا ہے ۔ وزٹ کے موقع پر محکمہ صحت کی ٹیم نے ڈی سی کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور اسٹنٹ کمشنرز بھی موقع پر موجود تھے ۔دریں اثنا ڈی سی نے کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے طالب علموں سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کلچر، آرٹ اور کھیلوں کے سرگرمیوں کو زیر بحث لایا گیا۔ ڈی سی نے کہا کہ بلوچستان کے طالب علموں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔