لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کیلئے بلوچستان کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے فیصل اقبال کا نام واپس لے لیا ہے ۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے تصدیق کی تھی کہ ان میں اور ان کے ادارے ، پی آئی اے ، کے درمیان ایک معاملہ حل طلب ہے ، جسے جلد حل کرلیا جائے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ جب پی آئی اے ، فیصل اقبال کو حل طلب معاملے پر کلین چٹ دینے کے ساتھ ساتھ این او سی فراہم کردے گا تو پھر سابق ٹیسٹ کرکٹر کو دوبارہ اپنی ڈومیسٹک ٹیم کو جوائن کرنے کے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اس وقت تک وسیم حیدر، بلوچستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔