اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) سوئی ناردرن گیس کی جانب سے منعقدہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن پاکستان جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ دلاورعباس پی ٹی ایف کمپلیکس میں منعقد کی گئی اس تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ سید دلاور عباس شاہ تھے ۔جبکہ صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن سلیم سیف اللہ اورطارق مرتضیٰ صاحب(پریذیڈنٹ اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن) نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ بوائز ڈبل ایونٹ جیتنے والے خوش نصیبوں میں پاکستان سے شعیب خان اور حذیفہ عبدالرحمن شامل تھے اور دوسری پوزیشن پر جنوبی کوریا سے کم ڈونگ ہان اور کم من جون رہے ۔اسی طرح گرلز ڈبل ایونٹ جیتنے والوں میں مرٹ ایسیگُل(ترکی) اور ولیٹوا(روس) شامل تھیں جبکہ ایران سے خانلو محتا اورصافی زہرہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔دوسری جانب روس سے ویلٹوا آرینا گرلز سنگل ایونٹ کے مقابلے میں دوسری پوزیشن پر رہیں اور جیت کا تاج برادر ملک ترکی سے مرٹ ایسیگُل کے سر سجا۔بوائز سنگلز ایونٹ میں پاکستان کے حذیفہ عبدالرحمن پہلے اورکوریا سے کم ڈونگ ہان دوسرے نمبر پر رہے ۔چیمپئن شپ میں 15ممالک کے کل 30مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں 16مرد اور14خواتین جبکہ پاکستان سے کل 18مرد و خواتین کھلاڑی ایونٹ کا حصہ تھے ۔