ڈیرہ اسماعیل خان(نمائندہ 92 نیوز)پولیس کو مطلوب دہشتگردی، قتل ، اغوائیگی اور پولیس پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب اقبال کھیارہ گروپ کے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی پولیس نے رمک شہر میں چھاپہ مارا جس میں فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل شہیداور ایک اہلکار زخمی ہوگیا، ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے ۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے 6مشکوک افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس نے اقبال کھیارہ عرف بالی کھیارہ گروپ کے دو بھائیوں ملزمان نثار معاویہ اور ابرار معاویہ کی موجودگی کی اطلاع پر رات گئے ان کے گھر پررمک کے علاقہ میں چھاپہ مارا تھا، پولیس پر فائرنگ اور دستی بم حملے کے نتیجے میں حوالدار نور ولی شاہ شہید جبکہ کانسٹیبل جہانگیر زخمی ہوگیا۔ ادھر مبینہ پولیس مقابلے میں شہید ہونیوالے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالدار نور ولی شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے ہسپتال جاکر زخمی اہلکار کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ زخمی اہلکار کی ہر ممکن دیکھ بھال کریں۔