اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،آن لائن) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے وزارت دفاع کیلئے جاری مالی سال کے دوران 17 ارب روپے کی 2 تکنیکی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے جبکہ ربیع سیزن کے دوران کھاد کے 2پلانٹس کیلئے آر ایل این جی کی فراہمی نومبر2020 ئکے آخر تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا اجلاس بدھ کو یہاں کابینہ ڈویژن میں منعقد ہوا۔ ای سی سی نے وزارت تجارت کی جانب سے امپورٹ پالیسی آرڈر2020کی شق بی ون میں ریڈی ایشن آپریٹرز کی شمولیت کی درخواست بھی منظور کرلی ۔وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ربیع سیزن 2020-21 کیلئے ایگری ٹیک اور فاطمہ فرٹیلائزر نامی کھاد کے دو پلانٹس کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے آر ایل این جی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سمری کے حوالے سے ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ نومبر2020 کے آخر تک آر ایل این جی کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا،ای سی سی کی جانب سے وزیر صنعت و پیداوار کی سربراہی میں قائم کردہ3 رکنی کمیٹی اس عرصہ کے دوران ان پلانٹس کے مزید آپریشنز کیلئے تجویز تیار کرے گی اور پھر اسے مزید فیصلے کیلئے ای سی سی میں پیش کیا جائیگا۔