لاہور، اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی، نمائندہ خصوصی سے ، نیٹ نیوز، 92 نیوز رپورٹ، آن لائن ) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک حقیقت ہے ۔ حکومت کی کوشش ہے کہ آئین میں تبدیلی لائی جائے ۔غیر آئینی اقدام جمہوریت کیلئے خطرہ ہو گا، سینٹ الیکشن کیلئے آئین میں باقاعدہ طریقہ وضع کیا گیا ہے ۔ ایوان مجھے پہلے بھی اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دے چکا، کیا میں نے پورے ایوان کو خرید لیا تھا؟۔ اس امر کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات کے موقع پر مخدوم احمد محمود بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ملاقات کے دوران سینیٹ الیکشن اور حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب پر بات چیت ہوئی۔یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو سینٹ الیکشن کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کام کیا۔ میں وزیرِ اعظم اور شہباز شریف وزیرِ اعلیٰ پنجاب تھے تو ہمارے درمیان بہترین تعلقاتِ کار رہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ضمنی الیکشن میں بہترین نتائج دیئے ، زندگی اسمبلی میں گزاری، وزیرِ اعظم ، سپیکر بھی رہا، ہمیں آئین کے مطابق چلنا چاہیے ۔لیگی صدر نے یوسف گیلانی کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی، شہبازشریف نے اعظم نذیر تارڑ کو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ادھر پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ میں ہوگا جس کی صدارت کنوینر احسن اقبال کریں گے ،اجلاس میں پی ڈی ایم لانگ مارچ تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا اور سینٹ انتخابات کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔