سکھر، اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن ) پی ڈی ایم نے آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے بائیکاٹ کااعلان کردیا۔ سربراہ پی ڈی ایم مولانافضل الرحمان نے سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے آج پی ڈی ایم کاکوئی رکن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا،اپوزیشن کی عدم شرکت کے بعد اس اجلاس کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں، عدم اعتماد سینٹ کے الیکشن میں یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کی صورت میں ہوچکا، صدر مملکت نے اجلاس بلانے کیلئے یہی لکھا ہے کہ آپ اعتمادکھوچکے ہیں،عمران خان اپنی پارٹی کے ارکان کوبکائومال کہہ رہے ہیں،جب اعتمادکاووٹ لیں گے تو ان ارکان کاووٹ بھی شامل ہوگا،آج ساری حقیقت کھل کرسامنے آگئی،یہ کہتے ہیں لوگوں کونکالیں گے ،بتایا جائے کیا آپ پی ڈی ایم کیخلاف لوگوں کو نکالیں گے ؟آپ نے نوکریوں کا وعدہ کرکے لوگوں سے روزگار چھین لیا،لوگ ان سے پوچھیں گے کس بات پرآپ کیساتھ نکلیں،لوگ آپ سے پوچھیں گے آپ نے مہنگائی کیوں کی؟تجاوزات کے نام پرلاکھوں لوگوں کوبے گھرکردیا،آپ الیکشن کمیشن کو موردالزام ٹھہرارہے ہیں،الیکشن کمیشن نے عمران خان کی تقریرکوغیرمنطقی کہاہے ،الیکشن کمیشن پرالزام فارن فنڈنگ کیس میں دبائوڈالنے کیلئے لگایاگیا،عمران خان کے ہاتھ سے سب نکل گیا،یہ حواس باختہ ہیں،پاکستان میں اس وقت کوئی ایگزیکٹو،کوئی حکومت نہیں،ان کوفوری طورپرنئے انتخابات کااعلان کرکے عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کوآگے آنے دینا چاہئے ۔۔دریں اثناء مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 8 مارچ کوطلب کرلیا ۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ، ڈپٹی چیئرمین کے ناموں کی منظوری دی جائے گی اور لانگ مارچ سے متعلق مشاورت ہوگی۔