لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اوروزیرصنعت اسلم اقبال نے گورنمنٹ عبدالرحیم ہسپتال سوڈیوال کا دورہ کیا ۔وزرا نے شہرکے پسماندہ علاقوں میں موبائل ڈسپنسری شروع کرنیکااعلان بھی کیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت شہریوں کو صحت کی سہولیات گھر کی دہلیز پرپہنچانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے ۔ تین موبائل ڈسپنسریاں لاہورپہنچ گئی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لاہورمیں پولیو کے مریض بچے کا سامنے آنا تشویشناک ہے ۔وزیر صنعت اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کا سامنا ہے ۔ادھر پنجاب کے تین شہروں میں پولیو وائرس کی گردش اور لاہور میں کیس رپورٹ ہونے کے بعد صوبائی ٹاسک فورس برائے پولیو کی آج میٹنگ ہو گی ۔میٹنگ کی سربراہی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کریں گے دیگر ممبران میں صوبائی وزیر تعلیم برائے سکول ، وزیر انفارمیشن ، وزیر لوکل گورنمنٹ ، وزیر ہاؤسنگ ، فوکل پرسن برائے پولیو بابر بن عطا چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، سیکرٹری انفارمیشن ، سیکرٹر ی لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری ہاوسنگ ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ، کمشنر لاہور ، ڈپٹی کمشنر لاہور ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور، ٹیکنیکل فوکل پرسن ایمرجنسی آپریشن سنٹر ، ڈاکٹر بمپا، عطیہ قاضی اور سعید شمسی شامل ہیں ۔