لاہور،پھالیہ،فیصل آباد،ڈڈیال،اٹک(کرائم رپورٹر،نمائندگان)ڈڈیال اور برہان انٹرچینج پر مسافر ویگنیں الٹنے سے 9جاں بحق جبکہ رکشہ کی ٹکرسے پھالیہ میں روٹی کے انتظار میں بیٹھے سگے بہن بھائیوں پر دیوار گرنے سے 6 سالہ زرمین موقع پر چل بسی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈڈیال سے گوجرانوالہ جانیوالی وین تیزرفتاری کے باعث جی ٹی روڈ پر جاتے ہوئے الٹ کر سڑک کنارے کھڑے مال بردارٹرک سے جاٹکرائی جس سے 4افرادموقع پر جاں بحق جبکہ 8زخمی ہوگئے ۔ادھر برہان انٹر چینج کے قریب موٹروے پرٹائر پھٹنے سے وین ا لٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے ۔علاوہ ازیں پھالیہ میں عزیز آباد کالونی بائی پاس کا رہائشی اسد خان کاٹھ کباڑ سے لوڈ رکشہ اپنی حویلی میں لارہا تھا کہ رکشہ دیوار سے ٹکرا نے پردیوار چولہے کے نزدیک روٹی کے انتظار میں بیٹھے اسد کے سگے بچوں 10سالہ صدام ،8سالہ سہیل اور 6 سالہ زرمین پر جا گری جس سے 6 سالہ زرمین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ صدام اور سہیل شدید زخمی ہو گئے ۔اپنی معصوم بچی کی اچانک موت پر ماں غم سے نڈھال اور باپ پر بھی غشی کے دورے پڑنے لگے ۔ادھر جی ٹی روڈ اوکاڑہ پرانی ستلج کاٹن ملز کے سامنے تیز رفتار موٹر سائیکل سوار جبار نے سڑک عبورکرتی خاتون کو روند ڈالا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔علاوہ ازیں شیخو پورہ روڈ پر بے قابو بس فٹ پاتھ سے ٹکراکر الٹنے سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ 8 مسافر شدید زخمی ہو گئے ۔دریں اثناسیالکوٹ میں موٹر سائیکل پھسلنے سے 20سالہ نوجوان نعمان سر میں گہری چوٹ آنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔تھانہ ہیڈ مرالہ کے علاقہ ڈھلے والی کے قریب تیز رفتار ڈالہ نے موٹر سائیکل کوٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں 38سالہ رضا اور 43سالہ عابد شدید زخمی ہوگئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر چل بسے ۔لاہور میں نواب ٹاؤن کے علاقے میں نامعلوم تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرتے ہوئی15سالہ نامعلوم لڑکی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر دم توڑ گئی۔ ٹاؤن شپ کے رہائشی میاں بیوی ناصر اور ناصرہ کوثر اپنے عزیز کو ساندہ میں ملنے کے لیے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر گلشن راوی کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ اچانک شہنائی شادی ہال کے قریب کوڑا کرکٹ اٹھانے والے ڈمپر نے ان کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ناصرہ کوثر موٹرسائیکل سے گر کر ڈمپر کے ٹائروں تلے آکر موقع پر ہی دم توڑ گئی اور اس کا شوہر ناصر بھی زخمی ہو گیا۔ شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے ریلوے پارک کے قریب تیز رفتار کارنے سڑک عبور کرتے ہوئے 62سالہ عبدالرشید کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں عبدالرشید شدید زخمی ہو گیا جو ہسپتال میں چل بسا۔