لاہور ، فیصل آباد، ساہیوال، سیالکوٹ (سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، ڈسٹرکٹ رپورٹرز ) فیصل آباد اور ساہیوال میں منچلوں نے بسنت اور پتنگ بازی پر پابندی کو بوکاٹا کردیا، بچے اور نوجوان خونیں کھیل کھیلتے رہے ، فیصل آباد میں گولیوں کی تڑتڑاہٹ بھی ہوتی رہی، پولیس کی کارروائیوں کے باوجود منچلے باز نہ آئے ، فیصل آباد میں پتنگ بازی نے 2 افراد کی جان لے لی اور سی ٹی ڈی اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ، ساہیوال میں بھی پتنگ بازی عروج پر رہی، عام شہری شدید پریشان رہے ، سیالکوٹ میں بھی کل 10 فروری کو بسنت منانے کی تیاری کرلی گئی ہے ، پتنگ بازی روکنے کے کومتی اور پولیس کے دعوؤں کے باوجود لاہور میں پتنگوں خرید و فروخت آن لائن بھی شروع کردی گئی۔ فیصل آباد میں گولیوں کی تڑتڑاہٹ اوربوکاٹا کے فلک شگاف نعرے لگاتے پتنگ بازوں نے حکومتی پابندی کو ہوا میں اڑا دیا، پتنگ بازی کرتے منچلے پولیس کے لیے کڑا امتحان بن گئے ، شہر بھر سے 150 سے زائد افراد کی گرفتاری کا بھی پتنگ بازوں پر اثر نہ ہوا اور رات بھر شہر گولیوں کی آواز سے گونجتا رہا، شہباز ٹاون میں کیمیکل ڈور پر ہونے والی لڑائی میں چھریوں کے وار سے مخالفین نے تین سگے بھائیوں کو شدید زخمی کر دیا، لعل مل چوک اور پرانی بکرمنڈی میں چھتوں سے پتنگ پکڑتے گرنے سے 2بچے زخمی ہو گئے ۔ ساہیوال کے مختلف علاقوں میں بھی بسنت دھوم دھام کے ساتھ منائی گئی جس سے عام شہری دن بھر پریشان رہے ، عارف والا روڈ،وحدت کالونی,ڈسپینسری روڈ,فیصل کالونی، 90 ایل نائن، 135 ایل نائن، فرید ٹاؤن,باہر والا اڈہ، پیپلز کالونی، پاکپتن روڈ، جی ٹی روڈ، لکڑ منڈی، طارق بن زیادکالونی، اولڈ ہڑپہ روڈ و دیگر علاقوں میں بسنت منائی جاتی رہی، نو جوان و بچے کٹی ہوئی پتنگوں کو لوٹنے کے لئے گاڑیوں کی پرواہ کئے بغیر جی ٹی روڈ پر آ گئے اور دن بھر پتنگیں پکڑنے میں مصروف رہے ، منچلے گھروں کی چھتوں پر پتنگیں اڑاتے رہے ، لاؤڈ سپیکر کا استعمال بھی دیکھنے میں آیا ، پتنگ بازی کی وجہ سے گھروں کی چھتوں پر خواتین و بچوں کا جانا مشکل ہو گیا ، والدین بچوں کو باہر جانے سے روکتے رہے تا کہ جانی نقصان سے بچا جا ئے ۔ دریں اثنا سیالکوٹ میں کل 10فروری کو بسنت میلہ کی تیاریاں جاری ہیں، پتنگ باز خطرناک دھاتی ڈور کا استعمال کر رہے ہیں او ر سر عام پتنگ بازی کا سامان فروخت ہونا پولیس کی بے حسی کا ثبوت ہے ، شہر اقبال میں پتنگ بازی کو روکنے کے لئے شہر اقبال کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے حکومت پنجاب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مزید برآں پتنگ بازی پر پابندی کے حکومتی دعووں کے باوجود پتنگ فروشوں نے اپنا کاروبار آن لائن طریقے سے شروع کردیا ، سائبر کرائم بھی اس ایپ پر پتنگ فروشوں کے خلاف کاروائی کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے ۔ فیصل آباد میں 2 ہلاکتوں پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی، پولیس نے فیکٹری ایریا میں فائرنگ کرنیوالے 7 افراد کو گرفتار کرکے قبضہ سے 3بندوقیں، 5پستول اور درجنوں گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ بسنت منائی گئی