اسلام آباد (خبرنگار) سابق فوجی صدرپرویز مشرف کا ٹرائل مکمل کرنے اور فیصلہ سنانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔درخواست لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ یکم اپریل کو خصوصی عدالت کو ٹرائل مکمل کرنے کی واضح ہدایات دے چکی ہے جبکہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی قرار دیا تھا کہ پرویز مشرف کی عدم پیشی پر حق دفاع ختم ہو جائے گا۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وفاقی حکومت غداری کیس مکمل ہونے میں روڑے اٹکا رہی ہے ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ حکومت اور خصوصی عدالت کو مناسب ہدایات جاری کرے اور سپریم کورٹ اپنے یکم اپریل 2019 کے حکم پر عملدرآمد کرائے ۔