یوں تو ہر کھیل میں ہار جیت بہت اہم ہوتی ہے لیکن کرکٹ میں لگائے جانے والے چوکے چھکے خواہ کسی بھی ٹیم کی طرف سے لگیں، شائقین کرکٹ کو محظوظ کرتے ہیں۔ آئیے آج ہم آپ کو 1990 سے 2000 کی دہائی میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے کھلاڑیوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔

 کمار سنگاکارا

سری لنکا (1491 چوکے)

سری لنکا کے سٹائلش بلے باز کمار سنگاکارا نے بلے بازی میں اپنے ملک کے لیے گراں قدر اننگز کھیلی ہیں۔ انہوں نے 134 میچز میں 12400 رنز بنائے ہیں اور 57.41 کی اوسط سے وہ سری لنکا کے سرفہرست بلے باز ہیں۔ اپنے کیرئر میں سنگا کارا نے 38 سنچریاں اور 52 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ سکور 319 رنز ہیں۔ ٹیسٹ کیرئر میں انہوں نے 1491 چوکے اور 51 چھکے جڑے ہیں۔

 

 

 رکی پونٹنگ

 آسٹریلیا (1509 چوکے)

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے دنیائے کرکٹ پر خاصا راج کیا ہے اور اس کا کریڈٹ دوسرے کھلاڑیوں کے علاوہ رکی پونٹنگ کو بھی جاتا ہے۔ رکی پونٹنگ نے 51.85 کی اوسط سے 168 ٹیسٹ میچز میں 13378 رنز بنا رکھے ہیں۔ ان کی 41 ٹیسٹ سنچریاں انہیںٹیسٹ سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر فائز کرتی ہیں۔ آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے اپنے کیرئر میں 1508 چوکے اور 73 چھکے لگا رکھے ہیں۔

 برائن لارا

 ویسٹ انڈیز (1559 چوکے)

ٹیسٹ کرکٹ میں انفرادی حیثیت میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے برائن لارا کو کون نہیں جانتا۔ وہ 1990 سے 2000 کے دوران ویسٹ انڈیز میں پوسٹر بوائے کی حیثیت رکھتے تھے۔ لارا نے 131 میچز میں 11953 رنز بنائے، جس کی اوسط 52.89 نکلتی ہے۔ لارا نے 34 سنچریاں اور 48 نصف سنچریاںبنائی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے اس سابق کپتان  نے اپنے کیرئر میں 1559 چوکے اور 88 چھکے لگائے ہیں۔

 

 راہول ڈریوڈ

بھارت (1654 چوکے)

 راہول ڈریوڈ ایک سٹاربلے باز کی حیثیت رکھتے تھے۔ وہ بھارت کے سب سے زیادہ تکنیکی اعتبار سے بلے بازی کرنے والے کھلاڑی رہے ہیں۔ بطور کپتان راہول نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سے سیریز بھی جیتی ہیں۔ 164 ٹیسٹ میچز میں ان کے رنز کی تعداد 13288 ہے۔ انہوں نے 36 ٹیسٹ سنچریاں اور 63 نصف سنچریاں بھی بنائی تھیں۔ اس دوران اپنی تمام اننگز میں مجموعی طور پر 1654 چوکے بھی لگائے ہیں۔

5۔ سچن ٹنڈولکر

 بھارت (2058 چوکے)

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چوکے بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے لگائے ہیں۔ ان کے کھاتے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سنچریوں کی سنچری بھی لکھی جا چکی ہے۔ انہوں نے 200 ٹیسٹ میچز میں 53.79 کی اوسط سے 15921 رنز بنائے۔ وہ واحد بلے باز ہیں، جن کے کھاتے میں 51 ٹیسٹ سنچریاں اور 68 نصف سنچریاں درج ہیں۔ ان  میں 2058 چوکے بھی شامل ہیں۔

ا٭٭٭