نئی دہلی (نیٹ نیوز) شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے پر انتہاپسند ہندو اپنے ہی کرکٹرز یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو تنقید کا نشانہ بنانے لگے ۔ہربھجن اور یووراج دونوں نے اپنے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے کورونا کیخلاف سرگرم شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کے اقدامات کو سراہا، انہوں نے نہ صرف فاؤنڈیشن کی تعریف کی بلکہ عوام سے فاؤنڈیشن کو عطیات دینے کی بھی اپیل کی۔شاہد آفریدی نے انسانیت کیلئے محبت کے جذبے کے اظہار پر یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کا شکریہ بھی ادا کیا۔انتہاپسندوں نے تلملا کر دونوں کھلاڑیوں پر تنقید شروع کر دی، جس پر یووراج نے ٹوئٹر پر دوبارہ پیغام دیا کہ میرا مقصد لوگوں کی مدد کرنا ہے ، میں کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا، میں ایک بھارتی ہوں اور انسانیت کیساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔