سرینگر (نیوزایجنسیاں ) نرنیدر مودی کی فرقہ پرست حکومت دنیا کومقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے بے خبر رکھنے کیلئے اپنے شہریوں کو بھی علاقے میں جانے کی اجازت نہیں دے رہی ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بی جے پی کے سابق رہنما یشونت سنہا، ریٹائرڈ ائر مارشل کپل کاک اور سماجی کارکن سشوبھا بھیو کو سرینگر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں ہوائی اڈے سے ہی واپس دہلی بھیج دیا۔ سابق بھارتی وزیرخارجہ یشونت سنہا کا کہنا تھا مجھے بتایا گیا تھا کشمیرمیں سب ٹھیک ہے ، میں نے سوچا دوستوں سے مل لوں گا لیکن مجھے انتظامیہ نے ایئرپورٹ سے ہی واپس نئی دلی بھجوادیا، سرینگر ائیرپورٹ حکام نے مجھے امن کیلئے خطرہ قراردیا۔ قبل ازیں 24 اگست کومودی حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کے ایک وفد کو بھی سرینگر کے ہوائی اڈے سے واپس دہلی بھیج دیاتھا۔ وفد کی قیادت کانگریس رہنما راہول گاندھی کررہے تھے اور اس میں غلام نبی آزاد،ڈی راجہ، شردیادو، منوج جھا اورمجید میمن بھی شامل تھے ۔