لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے پنجاب بھر میں ڈائمینشیاکے مریضوں کی مناسب دیکھ بھال کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا حکم دے دیا۔ وزیر صحت پنجاب کی زیرصدارت محکمہ سپیشلائیزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی ۔ اجلاس میں ڈاکٹر حسین جعفری، ڈاکٹر علی ہاشم، ڈاکٹر عائشہ راشد، ڈاکٹر فہیم سعید، ڈاکٹر سید شہزاد حسین، ڈاکٹر الطاف، ڈاکٹر سمیرا قمبر، ریحان مجیب، میاں زاہد اور پروفیسر جاوید چوہدری نے شرکت کی۔صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں یورالوجسٹس اور ماہرنفسیات کی خالی اسامیوں پربھی جلد بھرتی کر لی جائے گی۔ پنجاب بھر میں ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے میموری کلینکس کا قیام بھی عمل میں لایاجائے گا۔ خصوصی کمیٹی ہر مہینے ڈائمینشیا کے مریضوں کی رجسٹریشن اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔ ڈے کئیر سنٹرز سے بھی ڈائمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالہ سے استفادہ کیا جائے گا۔ عوام میں ڈائمینشیا یا نسیان کے مریضوں کی دیکھ بھال بارے خصوصی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے ۔