لندن(ویب ڈیسک) غذائیات پر زور دینے والے ڈاکٹر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے لوبیا اور دیگر اقسام کی پھلیوں پر زور دیتے ہیں کیونکہ یہ ذیابیطس کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔امریکن ڈائبیٹکس ایسوسی ایشن ( اے ڈی اے ) نے کئی اقسام کی پھلیوں کو ذیابیطس کے لیے ’سپرفوڈ‘ قرار دیا ہے ۔ وجہ یہ ہے کہ پھلیاں وٹامن، معدنیات، اینٹی آکسیڈنٹس، فائبر(ریشے ) اور دیگر اہم اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں ۔ اسی بنا پر پھلیوں کو ذیابیطس کے لیے سرِفہرست غذا میں شامل کیا جاچکا ہے ۔پھلیوں میں پروٹین ، فائبر اور دیگر معدنیات بھری ہوتی ہیں ۔ دیگر جسمانی افعال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کا باقاعدہ استعمال خون میں شکر کی مقدار کو ایک حد میں رکھتا ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پھلیوں میں موجود غذائی سالمات بہت حد تک ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔اگرچہ پھلیوں میں کاربوہائیڈریٹ کی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے لیکن ان کا گلائسیمک انڈیکس ( جی آئی) کم ہوتا ہے اور انہیں کھانے کے بعد مریض کے خون میں چینی کی مقدار نہیں بڑھتی۔