راولپنڈی،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پدھار سیکٹر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایل اوسی پر تعینات جوانوں سے بات چیت کی اورافسروں اور جوانوں کے ساتھ افطار بھی کیا۔آرمی چیف نے جوانوں کے عزم و حوصلے اور تیاریوں کو سراہااورمادروطن کے دفاع کیلئے جوانوں کے عزم کی تعریف کی۔آرمی چیف کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشازد مرزا نے کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کو آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔دوسری جانب جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت میں پولیو کے خاتمے اور کووڈ-19کیلئے پاکستان کے عزم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بل گیٹس نے قومی پولیو مہم کی حمایت، مناسب رسائی اور کوریج یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی۔ بل گیٹس نے وسائل کی کمی کے باوجود کووڈ۔ 19 کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو بھی سراہا۔آرمی چیف نے کہا یہ ایک قومی مقصد ہے اور اس کا سہرا اس عمل کے تمام شرکائکو جاتا ہے ۔ آرمی چیف نے کامیابی کا سہرا ایک حقیقی قومی ردعمل کو قرار دیا جسے این سی او سی کے میکنزم کے ذریعے عمل میں لایا گیا جس سے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملی۔ آرمی چیف نے اس نیک مقصد کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا اور انہیں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔