فیصل آباد ،لورالائی،شیخوپورہ،کامونکے ، سادھوکے ،لاہور(صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ، نمائندگان 92 نیوز،کرائم رپورٹر) ٹریفک کے المناک حادثات میں 12افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد میں رجانہ سے سمندری آتے ہوئے موٹروے پر ڈرائیو رکی تیز رفتاری سے وین ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وین میں سوار 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 4 زخمی ہوئے ، ریسکیو نے لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمندری منتقل کر دیا، زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔ لورالائی میں ڈیرہ روڈ دو سڑکہ کے مقام پر ٹرک اور گاڑی میں تصادم سے 5افراد جاں بحق،3شدیدزخمی۔جاں بحق ہونے والوں میں 3خواتین اور 2بچے شامل ہیں۔زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کردیا گیا ہے ، جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔ شیخوپورہ شرقپور روڈ ترگے والی کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے کار سوار محمد رمضان جاں بحق ہوگیا متوفی محمدرمضان اپنے گاؤں مجوچک سے سسرال ترگے والی جارہا تھا کہ راستہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔کامونکے نیو غلہ منڈی کا رہائشی اٹھارہ سالہ سنی ولد اصغر موٹرسائیکل پر سوار ہوکر جی ٹی روڈ سے گزر رہا تھا کہ سادھوکے کے قریب سلپ ہوجانے سے وہ سڑک پر جاگرا ۔اسی اثناء میں وہاں سے گزرنے والے لوڈر ٹرالر نے اسے کچل ڈالا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا،اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے عملہ نے متوفی کی نعش کو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال پہنچا دیا۔ لاہور کاہنہ کے علاقے کے گجومتہ میں تیز رفتار رکشا بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 33 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ رکشہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا جس کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے ۔