لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل، وائس چانسلرکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل، وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرعامرزمان خان، سی ای اومئیوہسپتال پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان، ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرزیاسمین راشدنے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں کوروناوائرس کے مریضوں کیلئے ادویات، پلازمہ تھریپی، آئی سی یوز، ایچ ڈی یوز، آپریشن رومز، وینٹی لیٹرز کی تعداد ودیگر طبی سہولیات کاجائزہ لیا۔تمام وائس چانسلرز، پرنسپلزاورایم ایس حضرات نے صوبائی وزیرصحت کوکوروناوائرس کے داخل مریضوں اوران کوفراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات بارے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کوروناوائرس کاشکارہیلتھ پروفیشنلزکے بہترین علاج کویقینی بنایاجارہاہے ۔ٹوسیلوماب کے ٹرائلزکے بعداب باقاعدہ استعمال سے کوروناوائرس کے مریضوں میں مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔