اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،خبر نگار خصوصی، وقائع نگار خصوصی،ما نیٹرنگ ڈیسک ) اسلام آباد میں تیز بار ش کے باعث مارچ کے شرکا مساجد اور کنٹینروں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ،تیز آندھی نے خیمے بھی اڑا دئیے ۔وزیراعظم عمران خان نے خراب موسم کے پیش نظر دھرنے کے شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے چیئر مین سی ڈی اے کو فوری طور پر دھرنے کے مقام کے دورے کی ہدایت کی ہے جبکہ جے یو آئی (ف) کے جنرل سیکرٹر ی مولانا غفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم اپنے تعاون کو جیب میں رکھیں، ہمارے جیالے اپنا انتظام کرکے آئے ہیں، بارش اللہ کی رحمت ہے یہ حکمران زحمت ہیں۔دوسری جانب گزشتہ شب ہونے والی بارش نے مارچ کے شرکا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ۔ اطلاعات کے مطابق 300 سے زائد شرکا بخار اور نزلہ زکام کے سبب پمز ہسپتال پہنچ چکے ہیں ، شہریوں نے گزشتہ روز کئی دھرنا شرکا کو استعمال شدہ گرم کپڑے اور دیگر ا شیا فراہم کیں۔اسلام آباد میں آزادی مارچ کے مزید دو شرکاء چل بسے ، مولانا سیف اﷲ کا تعلق خضدار سے تھا،بزرگ شہری کی موت تہجد کے وقت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی،اسکے علاوہ تہجد نماز سے پہلے بھی ایک مولوی اختر محمد اپنی بیماری کی وجہ سے فوت ہوئے ، انکا تعلق ضلع نوشکی سے تھا ۔ دریں اثنا وزیر اعظم کی جانب سے آزادی مارچ کے شرکاء کو سہولت فراہم کرنے کے احکامات ملنے کے بعد چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے دھرنے کے مقام کا فوری دورہ کیا ، بارشی پانی کی نکاسی سمیت صفائی کے بھی انتظامات کئے گئے ، 678زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ۔