میلبورن (سپورٹس ڈیسک) سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو نوویک جوکووچ اور سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین راجر فیڈرر رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ امریکی سرینا ولیمز بھی جیت گئیں۔ گزشتہ روز آسٹریلیا میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز کے دوسرے رائونڈ میں سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو نوویک جوکووچ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے ٹیٹسوما ایٹو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1، 6-4، اور 6-2 سے ہرا کر تیسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ایک اور میچ میں سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین راجر فیڈرر نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف سربین کھلاڑی فلپ کراجینوویک کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1،6-4 اور 6-1 سے مات دیکر میگا ایونٹ کے تیسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔دوسری طرف خواتین مقابلوں میں میزبان ٹاپ سیڈڈ ایشلے بارٹی اور امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اپنی پش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں ۔ دوسرے رائونڈ میں سرینا ولیمز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلوانین حریف کھلاڑی تامارا زیڈانسک کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-3 سے مات دیکر تیسرے مرحلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔