ملتان؍ ڈیرہ غازی خان (کرائم رپورٹر؍ ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی صورتحال اس وقت ’’میرے پاس تم ہو‘‘ ڈرامے جیسی ہے ، بیگم صفدر اعوان کے ابو جیسے پہلے کہا کرتے تھے کہ میں باہر نہیں جاؤں گا، پھر سب نے دیکھا کہ وہ بیرون ملک کیسے گئے ،اب وہی بات بیگم صفدر کہہ رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی آئی جی جیل خانہ جات ملتان کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وہ گزشتہ روز ملتان پہنچے ۔ سنٹرل اور ویمن جیل ملتان کا دورہ کیا۔جنوبی پنجاب کی مختلف جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ میٹنگ کی۔بعدازاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اب تک صوبہ کی 15 جیلوں کا دورہ کرچکاہوں،مظفرگڑھ جیل میں چھاپہ مارا تھا۔ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا ڈاکٹر عدنان کے ٹیکوں اور بیگم صفدر اعوان کے ٹویٹوں کا حال ایک جیسا ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا ہماری حکومت نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی ،ہم عدالتوں کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ڈسکہ الیکشن میں رانا ثناء اللہ، میاں جاوید لطیف، طلال چودھری، عظمی بخاری و دیگر کارکنان اپنا لشکر لے کر پہنچے اور ہمارے کارکن ماجد کو شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا اداروں، ریاست اور عدالت کے سامنے کسی کی اہمیت نہیں ، جہانگیرترین ہمارے لئے قابل احترام ہیں ۔قبل ازیں صوبائی وزیر جیل خانہ جات ڈیرہ غازیخان پہنچے اور سنٹرل جیل ڈیرہ غازی خان کا رات گئے اچانک دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد علی اعجازانکے ہمراہ تھے ۔سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان نے بریفنگ دی۔فیاض الحسن چوہان نے اسیران سے مسائل پوچھے اور تیار کھانے کے معیار کو بھی چیک کیااور جیل کے انتظامات بہتر کر نے کی ہدایات جاری کیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جیلوں میں اصلاحات لائی جائیں گی ،سکیورٹی اور دیگر معاملات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔