لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائی کورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے شوہر کے تشدد سے تنگ خلع لینے والی خواتین سے متعلق فیصلہ جاری کرتے ہوئے قراردیا کہ فیملی ایکٹ کے تحت عدالت سے جاری خلع کی ڈگری کے خلاف اپیل نہیں ہوسکتی،جب شوہر بیوی کے حقوق پورے نہ کررہا ہو تو خلع لینا خاتون کا حق ہے ،عدالت نے 11صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیاکہ شہباز نے فریحہ بی بی کی جانب سے خلع لینے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے فیملی کورٹ سے خلع لینے کے فیصلہ کو چیلنج کیاتھا، شادی اسلامی قوانین کے مطابق ہوئی ،قرآن آپس میں پیار محبت کے ساتھ رہنے کا درس دیتا ہے ،میاں بیوی اگر اپنی حدود کوقائم نہیں رکھ سکتے تو ایک دوسرے سے اچھے طریقہ سے علیحدگی اختیارکرلیں،فیملی کورٹ نے قانون کے مطابق خلع کی ڈگری جاری کی ۔لاہورہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے الیکٹرک گاڑیوں کے بارے میں پالیسی سے متعلق دائردرخواست پر وفاقی حکومت کو الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی اور ٹیکس کے متعلق رپورٹ داخل کرانے کے لئے مہلت دے کر مزیدسماعت جولائی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے چیئرمین جوڈیشل واٹر کمیشن جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کی حکومت کے کریڈٹ لینے کے خلاف درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے آج وفاقی اور صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا،فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ حکومت اپنے کاموں کا کریڈٹ لے ،جوڈیشل کمیشن کے کاموں کا کریڈٹ نہ لیا جائے ۔