صنعاء (این این آئی)یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں عسکری معاونت فراہم کرنے والے عرب اتحاد نے یمن کی مغربی گورنری الحدیدہ میں حوثیوں کے ایک فوجی ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے ، جہاں بارود سے لدی چار کشتیاں ممکنہ حملے سے پہلے تباہ کر دی گئیں۔ عرب اتحاد نے کہا ہے کہ 72گھنٹوں کے دوران 264باغی ہلاک کردیئے ۔یمن کے شہر ذمار میں حوثیوں نے بیلسٹک میزائل حملہ کیا جس سے درجنوں گھر تباہ ہوگئے عینی شاہدین اور مقامی باشندوں کے مطابق سینکڑوں خاندان نقل مکانی کر گئے ہیں۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ عرب اتحاد کے طیاروں نے الحدیدہ شہر کے مشرق میں الجبانہ کے ایک ساحلی اڈے کو نگرانی اور انٹیلی جنس اطلاعات پر نشانہ بنایا ہے ۔ جہاں کشتیاں بحرہ احمر سے گزرنے والے بین الاقوامی جہازوں پر حملے کے لیے تیار تھیں۔عرب اتحاد کی کوششوں نے جنوبی بحیرہ احمر اور باب المندب میں جہاز رانی اور بین الاقوامی تجارت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ۔عرب اتحاد نے الحدیدہ میں کارروائی کے دوران تباہ کی جانے والی بارود سے لدی کشتیوں کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اب تک 91 ایسی کشتیوں کو تباہ کیا جا چکا ہے ۔