صنعاء (این این آئی ، نیٹ نیوز )یمن میں حجہ صوبے کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر یمنی فوج اور اتحادی طیاروں کی بماری کے نتیجے میں 36 حو ثی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں ۔ ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر کے ایک بیان میں کہاگیاکہ اتحادی طیاروں نے عبس ضلع کے شمال میں عزلہ بنی حسن کے علاقے میں حوثیوں کے جتھوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران 36باغی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔بیان میں عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ یمنی فوج کی توپوں نے گولہ باری سے حیران ضلع کے مشرق میں حوثی عناصر کی گاڑیوں اور لڑائی کے ساز و سامان کو تباہ کر دیا۔اس سے ایک روز قبل حجہ صوبے میں حیران، عبس اور حرض کے مختلف محاذوں پر حوثی ملیشیا کے حملے کو پسپا بنا دیا گیا۔ کارروائی میں حوثی باغی ملیشیا کے درجنوں ارکان مارے گئے تھے ۔ زمینی ذرائع کے مطابق یمنی فوج نے ملیشیا کے ارکان کو پیچھے لوٹ کر فرار ہو جانے پر مجبور کر دیا۔ ادھر یمن میں سعودی مائن کلیئرنس پروجیکٹ 'مسام' کی جانب سے باردوی سرنگوں کی تلفی کیلئے جاری آپریشن کے دوران ایک ہفتے میں 1980 بارودی سرنگیں ناکارہ بنائیں۔ یہ بارودی سرنگیں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا نے متعدد علاقوں میں نصب کررکھا تھا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی 15 گورنریوں میں حوثی ملیشیا نے مجموعی طور پر 15 لاکھ بارودی سرنگیں نصب کی ہیں۔ ان میں سے بعض انتہائی تباہ کن اور دھماکہ خیز ہیں جو گاڑیوں کو بھی تباہ کرنے کا سبب بنتی ہیں۔