صنعا ،ریاض (این این آئی)یمن میں فوجی کاررو ائی اور جھڑپوں میں 93حوثی با غی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔جھڑپوں کے دوران 100حو ثیوں کو قیدی بھی بنا لیا گیا ۔سعودی فورسز نے نجران کی جانب داغا گیا حوثی باغیوں کا بیلسٹک میزائل کا حملہ ناکام بنا دیا۔تفصیلات کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعاء کے شمال مشرق میں نہم کے محاذ پر جھڑپوں کے دوران 80 حوثی باغی ہلاک ہو گئے ۔ اس دوران 100 حوثیوں کو قیدی بھی بنا لیا گیا۔نہم کے محاذ پر یمن کی قومی فوج اور حوثی ملیشیا کے بیچ گھمسان کی لڑائی ہوئی۔اس دوران یمنی فوج جبل البیاض کو مکمل طور پر واپس لینے اور تبہ الکحل پر کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ جبکہ تبہ الصافح کا کنٹرول واپس لینے کے لیے یمنی فوج کی پیش قدمی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔دوسری جانب عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے نہم ضلع اور خولان الطیال میں حوثیوں کے جتھوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ اس دوران ایک حوثی کمانڈر ابو ثابت الہاشمی اور اس کے 13 ساتھ مارے گئے ۔ حوثی ملیشیا کے ارکان نے بڑی تعداد میں جمع ہو کر جبلِ ہیلان کے تزویراتی مقام سے چکر کاٹ کر دارالحکومت صنعاء کی سمت آنے والے راستے کو بند کرنے کی کوشش کی۔ تاہم یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کے ارکان کا محاصرہ کر لیا۔ اس دوران فریقین کے بیچ مختلف نوعیت کے درمیانے اور بھاری ہتھیاروں سے شدید جھڑپیں ہوئیں۔ ادھر ترجمان عرب اتحاد کے مطابق حوثی باغیوں نے بیلسٹک میزائل کے ذریعے سعودی عرب کے کسی شہر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے لیکن سعودی ائیر ڈیفنس نے نشانے پر پہنچنے سے قبل ہی میزائل کو نجران میں مار گرایاہے ۔ یمن کے وزیراطلاعات معمرالاریانی نے مآرب میں حوثی شیعہ باغیوں کے سرکاری فوج کے ایک کیمپ پر ڈرون اور میزائل حملے کو ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے انتقام میں کارروائی قراردیا ہے اور اقوام متحدہ سے اس حملے کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے ۔