واشنگٹن،صنعاء (این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگوس نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے ایران سے یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحہ کی ترسیل معطل کر دی ،تہران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع ضروری ہے ،لیبیا کا معاملہ سیاسی انداز میں حل ہونا چاہیے ۔ عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ ایران ملیشیائوں کے ذریعہ عراق پر اپنا اثر و نفوذ بڑھا رہا ہے ۔ انہوں نے ایران پر عراق کی خود مختاری کے احترام پر زوردیا اور کہا کہ ایران پر اسلحہ کی پابندی میں توسیع ضروری ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے عراقی سیکیورٹی ودفاعی امورکے ماہر ہشام الہاشمی کے قتل کو ایک گھنائونا جرم قرار دیا۔ یمن کی آئینی فوج نے حوثی ملیشیا کا ایک بغیر پائلٹ ڈرون طیارہ جنوبی الحدیدہ میں الدریھمی شہر میں دوران پرواز مار گرایا۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کی زیرنگرانی یمن میں قیام امن اور جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں۔ حوثی ملیشیا اقوام متحدہ کی طرف سے اعلان کردہ عارضی جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہی ہے ۔