لاہور، راولپنڈی ،کراچی (جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر ، اپنے رپورٹر سے ) ملک میں ڈینگی کے وار مزید تیز ہوگئے ، ڈینگی بخار سے 5مزید افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 497کیس سامنے آگئے ۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق انتقال کرنے والے چکوال اور اٹک کے رہائشی تھے جبکہ 2افراد کا تعلق کراچی ایک کا مانسہرہ سے ہے ۔رواں برس پنجاب میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں مزید 242 نئے افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو گئی ۔ راولپنڈی سے 109، اسلام آباد سے 101 ،لاہور سے 6 ،چکوال سے 17 مریضوں رپورٹ ہوئے ،راولپنڈی کے رواں برس کیسز کی تعداد 2070 ، اسلام آباد میں تعداد 1580 ہوگئی۔ لاہور میں نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 60 ،پنجاب بھر میں تعداد 2286 ہوگئی جبکہ ضلعی انتظامیہ لاہو ر نے انسداد ڈینگی کی گزشتہ روز کی رپورٹ جاری کردی ہے ،شہر کے 63605 گھروں کو چیک کیا گیا۔14433 مقامات کا وزٹ کیا گیااورشہر کے 1022 مقامات پر ڈینگی لاروا برآمد ہوا جو تلف کر دیا گیا ۔آؤٹ ڈور مقامات سے ڈینگی لاروا ملنے پر 57 افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا گیا جبکہ سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول سلمان اعجاز کی ہدایت پرصوبے بھر میں انسداد ڈینگی ٹیموں نے سرویلنس کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے 1958مقامات پر ڈینگی لاروا چیک کیا۔ راولپنڈی میں323مقامات پر ڈینگی لاروا چیک کیا گیا اورڈینگی لاروا کی موجودگی پر6افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحول سلمان اعجازنے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں،کوتاہی برداشت نہیں کرینگے جبکہ رپورٹ کے مطابق ملک بھرمیں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد10ہزار13ہوگئی،گزشتہ 24گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 497کیس سامنے آگئے ، خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ،سندھ میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 67مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی،سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد2268تک پہنچ گئی،بلوچستان میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1772،قبائلی علاقہ جات میں 134ہوگئی،آزادکشمیرمیں ڈینگی مریضوں کی تعداد110ہوگئی۔ راولپنڈی میں ڈینگی وبا میں مسلسل اضافے کے باعث عالمی ادارہ برائے صحت کی ٹیم راولپنڈی پہنچ گئی ، ٹیم نے ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لئے فضائی سروے کو ضروری قرار دے دیا۔مانسہرہ میں ڈینگی سے جاں بحق ہونیوالا جاوید خان ہزارہ یونیورسٹی میں ملازم تھا ۔