لاہور،ملتان،راولپنڈی(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،رپورٹر92نیوز) پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ہیں،گزشتہ روز صوبہ میں بخار کے باعث 2 افراد چل بسے ،جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق لاہور سے تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 515 جبکہ لاہور سے 367 ، راولپنڈی 55، شیخوپورہ 9 ، بہاولپور 8 ، فیصل آباد اور حافظ آباد سے 7 ، گوجرانولہ اور ننکانہ صاحب سے 6 ، اٹک سے 5، جھنگ، جہلم اور ساہیوال سے 4،4 مریض رپورٹ ہوئے ۔ رواں سال پنجاب بھر سے ڈینگی کیسز کی تعداد 11,655 ہو چکی ہے ، رواں سال لاہور سے اب تک ڈینگی کے 7,780 کیسز سامنے آئے ہیں، رواں سال پنجاب بھر میں بخار کے باعث 34 افراد جان کی بازی ہار چکے ۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 2,264 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 1,286 مریض داخل ہیں۔پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے لئے 4,989 بستر مختص کئے گئے ہیں۔ 2,264 بستروں پر مریض زیر علاج ہیں۔ لاہور میں ڈینگی کے مختص کئے گئے 1,286 بستروں پر مریض زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 400,466 ان ڈور جبکہ 92,900 آؤٹ ڈور مقامات کو گزشتہ روزچیک کرکے 1,666 مقامات سے لاروا تلف کیا ۔ لاہور میں 65,296 ان ڈور اور 10,033 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کرکے 1132 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔راولپنڈی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 75 مریض الائیڈ ہسپتالوں میں داخل کرائے گئے ،ڈینگی سے صحت یاب ہوکر 2201 افراد واپس گھر گئے ، 10مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔