واشنگٹن( نیٹ نیوز) بعض اوقات آپ اپنے قریبی دوستوں اور رشتے داروں کے ساتھ ایک ادارے میں کام کر رہے ہوتے ہیں لیکن آپ کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ آپ کا آپس میں کتنا گہرا تعلق ہے ۔ ایسا ہی ایک دلچسپ اور حیران کن واقعہ امریکی ریاست کنیٹکی کٹ میں اس وقت پیش آیا جب کئی سال ایک ساتھ ریسٹورنٹ میں کام کرنے والی دو لڑکیوں کو تقریباً 9 سال بعد پتا چلا کہ وہ دونوں آپس میں سگی بہنیں ہیں۔کسینڈرا میڈیسن اور جولیا ٹینیٹی پہلی مرتبہ 2013 میں ایک ریسٹورنٹ میں ملیں اور پھر بہت جلد آپس میں اچھی دوست بن گئیں۔دونوں لڑکیوں کے جسم پر ڈومینکن ری پبلک کے ٹیٹوز بنے ہوئے تھے جس سے دونوں کو لگا کہ ان دونوں کے درمیان کوئی خاص رشتہ ہے ۔لڑکیوں کا کہنا تھا وہ اپنے ٹیٹوز کی وجہ سے یہ سمجھتی تھیں کہ ان کا آپس میں کوئی رشتہ ہے لیکن ایک لڑکی (جولیا) کو اپنانے کیلئے دئیے گئے قانونی دستاویزات (Adoption letter) سے یہ حیران کن انکشاف سامنے آیا کہ دونوں لڑکیاں آپس میں سگی بہنیں ہیں۔ پہلے تو کسی نے یقین نہ کیا لیکن جب دونوں کے ڈی این اے کرائے گئے تو اس بات کی تصدیق ہوئی کہ واقعی دونوں آپس میں سگی بہنیں ہیں جس پر سب حیران رہ گئے ۔ لڑکیوں کے والد نے بھی اعتراف کیا کہ ایک بیٹی کو چھوٹی سی عمر میں پرورش کیلئے کسی کو دے دیا گیا تھا اور لڑکیوں کو یہ بھی پتہ چلا کہ ان کے دیگر سات بہن بھائی بھی ہیں۔