لندن(سپورٹس ڈیسک) یورو ٹی ٹونٹی کی ڈرافٹنگ گزشتہ روز مکمل کر لی گئی ۔ لند ن میں ہونیوالی اس ڈرافٹنگ میں فرنچائزز نے پاکستانی کھلاڑیوں میں خصوصی طور پر دلچسپی لی ۔ ڈرافٹنگ کی آئیکون کیٹگری میںشامل پاکستان کے سابق آل رائونڈر بوم بوم آفریدی کو بلفاسٹ ٹائٹنز نے اپنا کپتان مقرر کیا ہے ۔ لیگ کھیلنے کیلئے 22 ملکوں کے 700 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی ۔ ٹورنامنٹ میں میں چھ ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو نو لوکل پلیئرز جبکہ پانچ یا سات اوورسیز پلیئرز خریدنے کی اجازت تھی۔ لیگ 30 اگست سے 22 ستمبر تک نیدرلینڈز، سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ میں شیڈول ہے ۔نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل لیگ میں ایڈنبرگ روکس کے کپتان ہونگے جبکہ کھلاڑیوں میں کورے اینڈرسن اور کرس لین بھی شامل ہونگے ۔ روٹر ڈیم راہینوز کی کپتان افغان سپنر راشد خان کریں گے جبکہ اس ٹیم میں شاہین آفریدی، انور علی اور فخر زمان بھی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ ڈبلن شیفس کی طرف سے آئن مورگن کپتان، محمد عامر اور بابر اعظم کھیلیں گے ۔ ایمسٹرڈیم کی کپتان آسٹریلین شین واٹسن کو سونپی گئی ہے جبکہ اسی ٹیم میںپاکستان کے حسن علی اور احمد شہزاد بھی شامل ہیں ۔ بلفاسٹ ٹائٹنز میں کپتان شاہد آفرید ی کے ساتھ محمد نواز ، جے پی ڈومینی ، کولین انگرام ، پال سٹرلنگ اور لیوک رائٹ بھی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ گلاسگو جینٹس میںبرینڈن میکولم کپتان ، عثمان شنواری اور ڈیل سٹین بھی شامل ہیں ۔