اسلام آباد،لاہور،جہلم ،کراچی (خصوصی نیوز رپورٹر) یورپی یونین کے مبصرین نیپاکستان کے 87حلقوں میں انتخابی عمل کی نگرانی کی ۔ مائیکل گیلر کی سربراہی میں آنے والے یورپی یونین کے مبصرین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا ہ اور سندھ میں انتخابی عمل کا جائزہ لیا اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی رپورٹ مرتب کرتے رہے ۔وفد نے ووٹرز کی شناختی کارڈز کی چیکنگ،انگوٹھے پر نشانات لگانے ،بیلٹ پیپرز پر سٹمپ اوربیلٹ پیپرز کی پولنگ بوتھ تک پہنچانے کے عمل کا بغور جائزہ لیا۔یورپی یونین الیکشن جائزہ مشن کے سربراہ نے اس موقع پر مطلوبہ انتخابی سامان کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا۔مائیکل گیلر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام میں کافی جوش وجذبہ ہے ۔ہم نے بیلٹ پیپرز بھی چیک کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز ہی پاکستان کی تقدیر اور مستقبل کے فیصلے کا حق رکھتے ہیں،امن و امان کی صورتحال میں گزشتہ5سالوں میں کافی بہتری آئی ، زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر جائزہ لے رہے ہیں ۔ وفد نے اسلام آباد میں این اے 53 کے پولنگ سٹیشنوں کے دورہ کے دوران الیکشن کمیشن کے انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا ہے ۔ وفد نے جہلم کے بھی تمام پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور ووٹروں کے تاثرات لئے ۔ وفد نے چیف آبزرور مائیکل گیلر کی سربراہی میں کراچی کے حلقہ این اے 240،242 ،243 253،کے پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا ۔ پولنگ ایجنٹس میڈیا اور عام ووٹرز کو موبائل فونز کے حوالے سے سختی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ووٹرز کو پولنگ سٹیشن میں داخلے پر ہی موبائل فون کو چیک کیا جاتا رہا اور موبائل فون رکھنے والے ووٹرزکوواپس لوٹایا جاتا رہا ۔