ملتان، اسلام آباد،راولپنڈی(خبرنگار،92 نیوزرپورٹ،رپورٹر92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں)سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے سنتھیارچی کیخلاف قانونی جنگ لڑنے کافیصلہ کرلیا، یوسف رضا نے اپنے وکیل ملک جاوید اقبال وینس کے ذریعے سنتھیاکو100ملین (دس کروڑ) ہرجانے کانوٹس بھجوادیا۔ نوٹس کے متن کے مطابق سابق وزیراعظم پرصرف اورصرف الزامات عائد کئے گئے اور ان کی عزت نفس مجروح کرنے کی کوشش کی گئی، سنتھیا الزامات پر معافی مانگیں یا ہرجانہ اداکریں، ہرجانے کی رقم پاکستان کے فلاحی اداروں میں تقسیم کی جائیگی۔اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے شہید بینظیر بھٹو پر الزامات کے حوالے سے سنتھیا رچی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سنتھیا کو نوٹس جاری کر دیا۔ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے سنتھیا کیخلاف درخواست اندراج مقدمہ پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ریاست علی آزاد ایڈوکیٹ پیش ہوئے اور کہا بینظیر کیخلاف نازیبا ٹویٹ سے ہر پارٹی کارکن متاثرہ فریق ہے ۔عدالت نے پی ٹی اے کے ڈی جی لا کو کہا یہ معاملہ سپریم کورٹ تک جا سکتا ہے ،آپ کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے تو جواب بھی داخل کرا دیں۔عدالت نے پی ٹی اے کی جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سنتھیا کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ کیس کی مزید سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی گئی۔علاوہ ازیں پی پی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا سنتھیا یکدم 2020 میں نیند سے اٹھیں اور الزام تراشیاں شروع کر دیں۔میڈیا سے گفتگو میں لطیف کھوسہ نے کہا سنتھیا کے معاملے کی مکمل انکوائری ہونی چاہئے ، میری کبھی اس صحافی سے ملاقات نہیں ہوئی ورنہ میرا نام بھی لے لیا جاتا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشاف کیا گیا کہ سابق سفیر حسین حقانی نے سنتھیا کو ویزہ جاری کیا تھا جو تمام پروٹوکول کو بائی پاس کر کے جاری کیا گیا تھا۔