ہیوسٹن(آئی این پی)امریکی ریاست ٹیکساس کی ہیوسٹن یونی ورسٹی میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کی آمد پر طلبہ نے مظاہرہ کیا،آڈیٹوریم نکی ہیلی مخالف نعروں سے گونج اٹھا ،طلبہ نے ’’نکی تمہارے ہاتھ خون سے رنگے ہیں، تم نسل کشی کی حامی اور دہشتگردوں کی شریک جرم ہو، تم نے فلسطینیوں کا قتل عام کرایا، تم چھپ نہیں سکتیں، تم قتل عام کرنے نکلی ہو،نکی تم فلسطین کی آزادی کا دن دیکھو گی‘‘کے نعرے لگاتے رہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیوسٹن یونی ورسٹی میں امریکی سفیر کی آمد پر طلبہ نے اسرائیلی فائرنگ سے درجنوں فلسطینیوں کی شہادت کے حوالے سے مظاہرہ کیا۔ امریکی سفیر جیسے ہی ڈائس پر خطاب کرنے پہنچیں تو سامعین نے احتجاج کرنا اور نعرے لگانے شروع کردیے ۔ جب نکی ہیلی اپنی تقریر میں اس جملے پر پہنچیں کہ گزشتہ چند ہفتے سے امریکی خارجہ پالیسی میں بہت مصروف رہی تو ایک طالبعلم نے نعرے لگانے شروع کردیئے ۔نکی ہیلی نے خاموش کرانے کی کوشش کی تو درجنوں طلبہ و طالبات کھڑے ہوکر احتجاج میں شریک ہوگئے جس پر نکی ہیلی گھبرا کر بولیں اوہ میرے خدا، پھر تھوڑا سنبھلنے کی کوشش کی اور کھسیانی ہنسی ہنستی رہیں۔اس موقع پرمظاہرین نے فلسطینی پرچم بھی لہرایا اور بعد ازاں آڈیٹوریم سے واک آئوٹ کرگئے ۔